شہر اور کینٹ میں آوارہ کتوں کی بھرمار ، عوام خوف وہراس کا شکار

March 27, 2024

راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)آوارہ کتوں کی بھرمار سے عام شہری خوف کا شکار ہو گئے،گلی محلوں ،سڑکوں اور پارکوں میں بڑی تعداد میں آوارہ کتوں کے غول دن اور رات کے اوقات میں دندناتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ انتظامیہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ شہر اور چھاؤنی کے اکثر علاقوں میں کتوں کی بھرمار ہے لیکن میونسپل کارپوریشن اور کنٹونمنٹ بورڈزکے متعلقہ حکام انہیں تلف کرنے کے لئے کوئی کارروائی نہیں کررہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سگ گزیدگی کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہاہے ۔ عوامی حلقوں کاکہناہے کہ ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومتی سطح پر آوارہ کتوں کی تعداد پر قابو پانے کیلئے نس بندی مہم چلائی جائےاور خطرناک آو ارہ کتوں کے خاتمے اورشہریوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔