ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابر کو دلانے کیلئے لابی متحرک

March 28, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کی باتیں کئی دنوں سے ہورہی ہیں۔ بابر کا نام پھر زیر گردش ہے، انہیں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ کپتان بنانے کیلئے ایک لابی پھر متحرک ہوگئی ہے جبکہ کھلاڑیوں کے منیجرز میڈیا کو یہ کہانیاں دے رہے ہیں کہ قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ بنانے سے قبل کرکٹرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ کرکٹرز کے ایجنٹ اس بار بھی میڈیا کے کاندھوں کو استعمال کررہے ہیں۔ چیئرمین محسن نقوی نے کپتان کیلئے اپنے اختیارات سلیکشن کمیٹی کو دے دیے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کہ بابر اعظم گزشتہ رات عمرے کی ادائیگی کے بعد لاہور پہنچے ہیں، ایبٹ آباد روانگی سے قبل ان کی بورڈ آفیشلز سے ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے کپتانی کی پیشکش ہونے پر اسے قبول کرنے کا ابھی ذہن نہیں بنایا ہے، وہ توجہ بیٹنگ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ ادھر کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد خان آفریدی پہلی بار اپنے داماد شاہین شاہ آفریدی کی حمایت میں سامنے آگئے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان کی تبدیلی کی باتیں سامنے آنے سے لگتا ہے کہ کپتان بنانے کا جو فیصلہ پہلے کیا گیا تھا یا تو وہ غلط تھا یا اب جو ہوگا وہ غلط ہوگا۔ کسی کو ذمہ داری دی ہے تو اس کو پورا وقت بھی دیں۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلئے لیوک رونکی کے بعد مزید غیر ملکی کوچز کے نام سامنے آئے ہیں ان کوچز سے پی سی بی مذاکرات کررہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی بھی پی سی بی حکام سے رابطے میں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 56 سالہ گیری کرسٹن کو طویل المعیاد بنیادوں پر کوچنگ کی پیشکش کی ہے جس پر گیری کرسٹن نے پی سی بی سے وقت مانگا ہے۔ گیری کرسٹن بھارت اور جنوبی افریقی ٹیم کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔