بااختیار سلیکشن کمیٹی اچھا فیصلہ، سربراہ بھی ہونا چاہیے تھا، شاہد آفریدی

March 28, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں جو بھی آتا ہے وہ نظام بھی بدل دیتا ہے۔ ہر نیا آنے والا سمجھتا ہے کہ وہ جو آکر کام کریں گے الگ اور سب سے اچھا ہوگا جو پہلے کام کئے گئے وہ غلط ہیں ، میرے خیال سے چہرے بدلتے رہیں لیکن نظام تبدیل نہیں ہونا چاہیے، کاکول اکیڈمی میں ایک ماہ ٹریننگ مل گئی تو کھلاڑی سپر مین بن کر نکلیں گے۔ بدھ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو اختیارات دینے اچھا فیصلہ ہے لیکن کمیٹی کا سربراہ بھی ہونا چاہیے تھا ، لگتا ہے وہاب ریاض سربراہ کی شکل میں نظرآئیں گے۔ غیر ملکی کو ہیڈ کوچ بنانے میں کوئی مضائقہ نہیں تاہم کوچنگ اسٹاف مقامی افراد پر مشتمل ہونا چاہیے۔ عماد وسیم اور محمد عامر کا پہلے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ غلط تھا ، دونوں کو فٹنس ثابت کرنا ہوگی ۔ ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ بننا پڑے گا، فٹنس بھی دکھانی پڑے گی ۔ میرا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا وقت گزر چکا ہے ، اس ملک نے بہت محبت دی ہے، سوشل میڈیا پر تنقید کا جواب بھی میں محبت سے دینا چاہتا ہوں، آپس میں نفرت پھیلانا اچھی بات نہیں۔