132گراں فروش گرفتار، 25لاکھ جرمانہ ،28مقدمات درج

March 28, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے کہا ہے کہ رمضان میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف شکنجہ سخت کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے رمضان میں 132گراں فروشوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ پرائس ایکٹ پر 25لاکھ جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ 2ہفتے میں 21ہزار انسپکشن کے دوران 28مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں جبکہ دکانداروں کو ریٹ لسٹیں نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے۔ نگہبان رمضان پیکج کے تحت ڈھائی لاکھ راشن بیگ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔دریں اثناڈپٹی کمشنر نے ڈی سی افس کی مختلف برانچز کا اچانک دورہ کیا اور عملے کی حاضری چیک کی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ محمد مبشر الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے برانچز میں سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کی درخواستوں پر عمل درامد کا بھی جائزہ لیا. ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ ماہ رمضان کے پیش نظر عوام کو سایہ دار مقامات پر بیٹھنے اور ان کی درخواستوں پر فوری عمل درامد کے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ضلع کچہری میں عرصہ دراز سے رکھے گئے ریکارڈ کو محفوظ کرنے کے لیے نئے سٹورز اور ریکارڈ روم بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔