تنخواہوں کی عدم ادائیگی، ینگ ڈاکٹرز کی او پی ڈی کی بندش کی دھمکی

March 29, 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ملتان کے وفد نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹرز کاظم خان سے ڈاکٹرز اور عملے کی تنخواہ سے متعلق ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر فنانس نشتر ہسپتال ملتان رانا احمد جاوید بھی شریک تھے۔ ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت 4 ماہ سے ہسپتالوں کو بجٹ دینے میں غیر سنجیدہ ہے جس کی بنیاد پر ڈاکٹرز کو کئی دِنوں تک تنخواہ سے محروم رکھا جاتا ہے جو نہوقت پہ بچوں کی فیسیں ادا کر پاتے ہیں اور نہ ہی گھروں کے کرائے دے پاتے ہیں۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ان کی طرف سے فنانس اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو بھیجی گئی بجٹ جاری کرنے کی درخواستوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں کی گئی لیکن ابھی تک بجٹ ریلیز نہیں ہوا لیکن انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ کوشش ہوگی تنخواہ مقرہ وقت پر آ جائے۔ ینگ ڈاکٹرز نے بھی باور کرایا کہ اگر تنخواہیں وقت پر نہ دی گئیں تو اگلے لائحہِ عمل یعنی شعبہِ بیرونی مریضاں (او پی ڈی ) کی بندش کی جانب پیش قدمی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔