بوسن روڈ پر غیر ضروری یو ٹرن ختم کرنے کا کام جلد مکمل کرنیکی ہدایت

March 29, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن صاف ستھرا پنجاب پر عمل درآمد بارے جائزہ اجلاس ہو جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے میڈم قراۃ العین وزیر ،ڈائریکٹر انجینئرنگ ایم ڈی اے رانا وسیم، ڈائریکٹر آئی ٹی محمد حذیفہ ،ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ راؤ زکا الرحمنٰ ، ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد عمران سمیت واسا کے دیگر افیسران شریک تھے۔ اجلاس میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم کی طرف سے تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ بوسن روڈ پر ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے نئے یو ٹرن بنانے اور غیر ضروری یو ٹرن ختم کرنے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے واسا آفیسران کو ہدایت کی کہ شہر کی کسی گلی میں پانی جمع نہیں ہونا چاہئے۔ فلٹریشن پلانٹ کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور 2 ماہ سے پہلے فلٹر تبدیل کیا جائے۔