80 لاکھ لوٹ لئے گئے، شہری تین گاڑیوں، 25 موٹر سائیکلوں سے بھی محروم

March 29, 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 2گاڑیوں 14موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی سے محروم ہوگئے ،7افراد سے جھپٹا مار کرموبائل چھین لئے گئے ۔ وفاقی دارالحکومت میں 28وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات،ایک کار اور 11موٹر سائیکل چوری کر لئے گئے۔ پولیس نے 11 کروڑ روپے مالیت سے زائد خیانت مجرمانہ و فراڈ اور 10 کروڑ روپے مالیت کے چیک ڈس آنر کے مقدمات بھی درج کر لئے۔ تھانہ سنگجانی کے علاقے میں سہیل احمد کے 80لاکھ لوٹ لئے گئے ۔آبپارہ پولیس نے عبداللہ کی رپورٹ پر عثمان کے خلاف رینٹ پر لی گئی گاڑی آر آئی آر 4033 ہڑپ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ۔ سیکرٹریٹ پولیس نے رافعہ کی رپورٹ پر رومانہ جعفر کے خلاف 60 لاکھ روپے فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا ۔ خاتون نے برائڈل ڈریس میں مدعیہ کے خاندان سے سرمایہ کاری کرائی اور چلتی بنی۔تھانہ صادق آباد کے علاقہ ایران روڈ پر2موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر عبداللہ سےموبائل اور 8ہزار روپے ،آفندی کالونی میں 2ملزم اسلحہ کی نوک پر مزمل سے موبائل اور2لاکھ روپےاور یاسر اقبال سے 2 موبائل لے اڑے۔،20ایریا میں محمد فیاض کےگھر کی گرل کا تالہ توڑ کر موبائل اورسونا مالیتی 5لاکھ 20ہزار روپے ،گلبرگ کالونی میں عباس علی کے گھرکے تالے توڑ کر سات لیپ ٹیپ، چارجر اور کپڑوں کا بیگ، محمود اختر کےگھر کے دروازے کا کنڈا کاٹ کر سونا مالیتی 4لاکھ روپے اورگھڑیاں مالیتی ایک لاکھ روپے چوری کرلی گئیں ۔کوہسار پولیس نے نواب گل کی رپورٹ پر ناصر کے خلاف 5 لاکھ روپے اور قیمتی موبائل فون ہتھیانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ۔