ایرانی پاسدارن انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ

April 14, 2024

حسین سلامی: فوٹو فائل

ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی نے امریکا اور اسرائیل کو وارننگ دے دی۔

اپنے بیان میں ایرانی کمانڈر نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی انتقامی کارروائی کا شدید ردعمل دیا جائے گا۔

حسین سلامی نے یہ بھی کہا کہ ابھی یا کبھی بھی اسرائیل نے ایرانی مفادات پر حملہ کیا تو ایران سے حملہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر 300 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل سے حملہ کیا جبکہ اسرائیل نے امریکا اور اردن کی مدد سے متعدد ایرانی میزائل مار گرائے۔

ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے درجنوں ڈرون اور میزائل لانچ کرکے اسرائیل کے مخصوص مقامات کو نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر وسیع پیمانے پر ڈرون حملے کیے، اس حوالے سے اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ ایران نے 300 سے زائد ڈرون اور کروز میزائل بھی فائر کیے۔

ایران کے وزیر دفاع نے ایک بیان جاری کرکے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا کہ ان میں سے جو بھی ڈرون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل تھے۔

سفارتخانے پر حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کو جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔