شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں دن بدن اضافہ تشویشناک ہے، گورنر سندھ

April 15, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں دن بدن اضافہ تشویشناک ہے،انہوں نے اسٹریٹ کرائم کا شکار ہونے والے تراب زیدی کی رہائش گاہ جاکر ان کے والد نثار زیدی سے اس افسوسناک واقعہ پر اظہار تعزیت کیا،گورنر سندھ نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک واقعہ پر دکھ کے اظہار کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں، گورنر نے تراب زیدی کے والد کو قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی اور مرحوم تراب کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور فلیٹ کا کرایہ ذاتی حیثیت میں ادا کرنے کا اعلان بھی کیا،انہوں نے مرحوم تراب کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی،بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج وہ یہاں گورنرسندھ کی حیثیت سے نہیں بلکہ کراچی کے ایک بیٹے کے طور پر آئے ہیں انہوں نے تراب کی والدہ کو کہا ہے کہ وہ انہیں اپنا بیٹا سمجھیں،انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے نوجوان مسلسل اسٹریٹ کرائمز کا شکار ہورہے ہیں اس واقعہ میں ملوث مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان کیمروں اور پیٹرولنگ میں اضافے سے شرپسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے ،گورنر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کے معاشی حب میں اس طرح کی وارداتیں افسوسناک ہیں ۔