ریونیو کو مزید بڑھانے کے لیے کارگو ٹرینیں شروع کرنے کی تجویز

April 15, 2024

پشاور ( وقائع نگار)پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) نے پاکستان ریلویز کی جانب سے رواں سال کے نو مہینوں میں اپنی سالانہ آمدنی 66ارب روپے کی بلند ترین سطح تک بڑھانے کو سراہا ہے اور ریونیو کو مزید بڑھانے کے لیے کارگو ٹرینیں شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔ایک بیان میں پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ یہ کامیابی قابل تعریف ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی سالانہ آمدنی میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ضیاء سرحدی جو سرحد چیمبر آف کامرس کی ایڈوائزری کمیٹی برائے ریلوے کے ممبر بھی ہیں نے کہا کہ آمدنی میں غیر معمولی اضافہ چیئرمین مظہر علیشاہ اور جی ایم عامر بلوچ کی جانب سے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے بہتر انتظامی فیصلوں کے نتیجے میں ریلوے پر لوگوں کے اعتماد کی بحالی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے پاکستان ریلویز کو یہ بھی تجویز دی کہ وہ کراچی سے پشاور تک کارگو ٹرینوں کے آغاز پر توجہ مرکوز کرے تاکہ تاجر برادری خاص طور پر پاک افغان تجارت میں کام کرنے والوں کو سہولت میسر ہو ریلوے کو ملک کے اندر برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کے ذریعہ بھیجے جانے والے کارگو کی نقل و حمل کو بھی پورا کرنا چاہئے۔