ہائیکورٹ، کاروکاری کے الزام میں قتل نوجوان کی لاش برآمد کرنے کا حکم

April 16, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کاروکاری کے الزام میں نوجوان علی احمد بروہی کو قتل کر کے لاش روہڑی کینال میں بہانے سے متعلق درخواست پر ایس ایس پی لاڑکانہ کو مقتول نوجوان کی لاش برآمد کرنے کا حکم دے دیا، ایس پی لاڑکانہ کی جانب سے لاش ڈھونڈنے سے متعلق دوسری رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس کی جانب سے متعدد کوشش کے باوجود فی الحال لاش نہیں مل سکی،عدالت نے پولیس رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ہر بار کاپی پیسٹ رپورٹ پیش کی جاتی ہے، جن لوگوں نے جرگے میں قتل کا اعتراف کیا انہیں طلب کرکے بیان ریکارڈ کیا جائے، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ مدعی مقدمہ کسی کا بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں تو ٹرائل کورٹ میں درخواست دائر کریں، دراخواست گزار نور بی بی نے کہا کہ سیشن عدالت کے حکم پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، ظالموں نے میرے بیٹے کو مار کر لاش دریا میں پھینک دی تھی،عدالت نے ٹرائل کورٹ کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 17 مئی تک ایس ایس پی لاڑکانہ کو پیش رفت رپورٹس کے ساتھ حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔