مشرق وسطیٰ میں کسی بھی بڑی فوجی محاذ آرائی سے بچنا ضروری ہے، اقوام متحدہ

April 16, 2024

نیویارک (جنگ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کسی بھی بڑی فوجی محاذ آرائی سے بچنا ضروری ہے ، خطے کے عوام کو بڑے پیمانے پر تباہ کن تنازع کا سامنا، پہلے سے زیادہ تحمل کی ضرورت ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر مہلک حملے پر ایران کے اسرائیل پر جوابی حملوں کے بعد زیادہ سے زیادہ تحمل برتنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی تباہی کے دہانے پر ہے۔ خطے کے عوام کو بڑے پیمانے پر تباہ کن تنازع کا سامنا ہے۔ ایران کیخلاف کارروائی سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا، اب وقت آگیا ہے کہ اس کشیدگی کو روک کر اس کا خاتمہ کیا جائے ۔ اب پہلے سے زیادہ تحمل کی ضرورت ہے ۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات ہیں کہ ایران نے ہفتے کو اپنے علاقے سے اسرائیل کی طرف سینکڑوں ڈرون اور میزائل داغے جن میں سے زیادہ تر کو ناکام بنا دیا گیا۔