درخشاں پولیس اسٹیشن میں مبینہ پولیس تشدد سے گرفتار ملزم ہلاک

April 16, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)درخشاں پولیس اسٹیشن میں مبینہ پولیس تشدد سے گرفتارملزم ہلاک ہوگیا،ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایچ او کو معطل کرکے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا،تفصیلات کے مطابق تھانہ درخشاں میں درج مقدمہ الزام نمبر24/167میں گرفتار ملزم معیزکی لاش کوگذشتہ روز ڈبل کیبن SPE-997سفید رنگ کی گاڑی میں جناح اسپتال لائی گئی اور لاش کا انتہائی سخت سیکورٹی میں میڈیکل معائنہ کرایاگیا رپورٹ حاصل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔اسپتال زرائع کے مطابق لاش تشدد زدہ اور خون آلود تھی ،ملزم کے منہ سے خون نکل رہاتھا جس کے جسم پر رکھے سفید کپڑے پر بھی خون کے نشان موجود تھے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 167عبدالباسط نامی شخص کی مدعیت میں 14اپریل کو درج ہواجس میں معیز نسیم اور جنید کو نامزد کیا گیا تھا پولیس نےمعیز نسیم کو مقدمے کے روز رات گئے گرفتار کرلیاتھا جس پر بھتہ خوری اور جعلسازی سمیت تین سے زائد مقدمات درج تھے، معیز نسیم کی طبعیت خراب ہونے پر اسے جناح اسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا جناح اسپتال ذرائع کے مطابق معیز کی لاش جناح اسپتال منتقلی کے دوران غیر معمولی صورتحال منصوبے کے تحت بنائی گئی معیز نسیم کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے فوری بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نےواقعے کا نوٹس لتے ہوئے ملزم کی دوران پولیس کسٹڈی ہلاکت پر SHOدرخشاں علی رضا لغاری کو معطل کردیااور ایس پی صدر کو واقعہ کا انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہےمعاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔