کمرہ عدالت میں نئی دیواریں اور شیشے لگائے گئے ہیں، بیرسٹر گوہر

April 17, 2024

بیرسٹر گوہر: فوٹو فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج کی سماعت مختلف تھی، کمرہ عدالت میں میڈیا کو ایک لفظ بھی سنائی نہیں دیا، نئی دیواریں اور شیشے لگائے گئے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کہا گیا تھا یہ اوپن ٹرائل ہے، لیکن دیواریں کھڑی کرکے قانون اور آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ غیرقانونی ٹرائل ہو رہا ہے، آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، کمرہ عدالت میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے خلاف ہائی کورٹ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اونچی آواز میں میڈیا سے بات کرنا پڑی، بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا اس کا طبی معائنہ کروایا جائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ عدالت سے گزارش ہے سینیٹ الیکشن سے متعلق ہماری درخواست سنی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات جس سے بھی ہونے ہیں جب بھی ہونے ہیں ہم کسی سے نہیں چھپائیں گے، چاہتے ہیں مذاکرات ہوں، ہم کوشش کر رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، اداروں کے ساتھ ہمارے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے۔