لانڈھی خودکش حملہ آوروں سے کیا اسلحہ ملا؟ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ آ گئی

April 19, 2024

’جیو نیوز‘ گریب

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ہوئے خود کش دھماکے کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ سامنے آ گئی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کی جگہ سے حملہ آور کے جسم کے مختلف اعضاء ملے ہیں، دوسرا حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سے بیگ برآمد ہوا ہے، جس سے 4 دستی بم، رائفل، گرینیڈ، 3 میگزین ملے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد کے بیگ سے پانی کی بوتل اور پیٹرول کی بوتل بھی ملی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی جیب اور ہاتھ سے بھی 2 دستی بم ملے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کی جگہ سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برآمد کیا گیا باردودی مواد اور اسلحہ جدید نوعیت کا ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح سویرے کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی وین کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق وین میں موجود ڈرائیور اور گارڈ جاں بحق ہوئے، گاڑی میں موجود پانچوں غیر ملکی محفوظ رہے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

بعد میں دھماکے کا 1 زخمی سیکیورٹی گارڈ اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی شخص کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔