کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر خود کش حملہ کی 2 سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرِ عام پر آ گئیں۔
ایک ویڈیو میں پولیس اہلکار کو دہشت گردوں پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں خود کش حملہ آور کو خود کو دھماکے سے اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس اہلکار اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ علی الصبح 6 بج کر 38 منٹ پر ہوا، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور گارڈ کی فائرنگ سے مارا گیا۔
حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے، 2 زخمی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے 1 اسپتال میں ویٹی لیٹر پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ایک اور زخمی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے۔
واقعے میں تمام غیر ملکی محفوظ رہے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہ بیٹھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم بڑے جانی نقصان سے بچ گئے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے امن اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔