اسرائیل فرعون کا پیروکار، بچوں کو مار ڈالا تھا، جمیلہ عالم الہدیٰ

April 25, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی اہلیہ جمیلہ عالم الہدیٰ نے کہا ہے کہ اسرائیل فرعون کا پیروکار ہے فرعون نے بھی بچوں کو مار ڈالا تھا ،اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے غزہ میں جو ہورہا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی ، اسرائیل میں مظالم کی اصل وجہ ہماری خاموشی ہے جس نے اسرائیل کو اپنا کام جاری رکھنے پر مزید اکسایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان کا دور ہ کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے پاکستان آنے سے پہلے بھی میرا یہاں کی عوام کے حوالے سے سوچ مثبت تھی اور یہاں آکر میری یہ سوچ اور بھی مثبت ہوچکی ہے ۔ایک انٹرویو میں ایرانی صدر کی اہلیہ کا فلسطین میں جاری مظالم پر کہنا تھا کہ نسائیت نفرتو ں کو جنم دیتی ہے فلسطین میں ہونے والی نسل کشی آج کی بات نہیں صدیوں پرانی ہے اور یہ نسل کشی اصل میں مسلمانوں کے خلاف ہے اسرائیل انسانیت پر مظالم ڈھارہا ہے اسرائیل کی کوشش ہے کہ جہادی نسل کا خاتمہ کیا جائے یہ جہاد کا ہی خوف ہے جس کی وجہ سے اسرائیل خواتین اور بچوں کو قتل کررہا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں مظالم کی اصل وجہ ہماری خاموشی ہے جس نے اسرائیل کو اپنا کام جاری رکھنے پر مزید اکسایا ہے ہماری خاموشی کی وجہ سے اسرائیل کو حوصلہ ملا خدا خاموش رہنے والوں کو کبھی نہیں بخشے گا انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خاموشی اس گناہ اور جرم سے بھی بدتر ہے جو فلسطین میں ہورہا ہے۔