محکمہ مال میں شفافیت و میرٹ کو ترجیح دی جائے گی ,وزیر مال

May 04, 2024

پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کے وزیر مال نذیر احمد عباسی نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں شفافیت و میرٹ کو ترجیح دی جائے گی جبکہ احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ مال کے محکمانہ امور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی کو مختلف محکمانہ امور اور مجوزہ پوسٹنگ و ٹرانسفر پالیسی کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی ۔ صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی کا مزید کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق محکمے میں صرف میرٹ پر فیصلے ہونگے اور ہر قسم کے سفارشی عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔