شرح سود کو 22فیصد پربرقرار رکھنا غیر منصفانہ ہے،بزنس مین فورم

May 05, 2024

پشاور (لیڈی رپورٹر)بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلورنے حکومت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود کو 22فیصدکی بلند ترین سطح پربرقرار رکھنے کے فیصلے کوغیر منصفانہ اور کاروبار و صنعتی ترقی کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوے شرح سود کو 12فیصد تک لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے پچھلے دور حکومت میں شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ پر لایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بلند ترین شرح سود کے تحت کاروباری حضرات کیسے قرضے حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کیلئے 25 فیصدپر قرضوں کی ادائیگی کسی صورت بھی ممکن نہیں ہے۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں کاروباری طبقہ پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے اور ان کیلئے موجودہ شرح سود پر 25فیصد پر بینکوں سے قرضے حاصل کرنا انتہائی مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے مزید کہا کہ حکومت ٹی بل کے ذریعے بینکوں سے پیسے ادھار لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مرکزی بینک کے گورنر کوکہے کہ وہ شرح سودمیں 12فیصد تک کمی لائے تو اس اقدام سے کاروبار و صنعت ترقی کرے گا اور ملک کی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔