سندھ ہائیکورٹ: گریڈ 19 کے افسر کو رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی مقرر کرنیکا حکم

May 23, 2024

کراچی( رپورٹ محمد منصف)سندھ ہائی کورٹ نے رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے عہدے پر ضمیر عباسی کی تعیناتی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی قرار دے دی۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا ہے کہ ہمارے علم میں یہ بات آئی ہے کہ رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے عہدے پر کسی 18گریڈ کے افسر کو تعینات کر رکھا ہے جبکہ اس عہدے کے لئے 19 گریڈ افسر ہونا لازم ہے۔ دورکنی بینچ کے سربراہ جسٹس صلاح الدین پہنور نے چیف سیکریٹری کو حکم دیا ہے کہ کوآپریٹو سوسائٹی ایکٹ پر مکمل عبور رکھنے والے 19 گریڈ کے افسر کو رجسٹرار تعینات کیا جائے اور ایم ڈی کوآپریٹو سوسائٹی کے عہدے پر بھی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔عدالت عالیہ چیف سیکریٹری سندھ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں تعیناتیاں آئندہ پانچ روز میں عمل میں لائی جائیں اور حکم عدولی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی کے عہدے پر 18 گریڈ کے افسر ضمیر عباسی تعینات تھے۔