سمز بند کرنے پر حکم امتناع نہیں، حکومتی آرڈر اب بھی برقرار، اسلام آباد ہائیکورٹ

May 23, 2024

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت ملتوی کردی، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ سمز بند کرنے پر حکمِ امتناع نہیں ، حکومت کا سمز بلاک کرنے کا آرڈر اب بھی برقرار ہے، حکومت معاشی ریفارمز پر فوکس کر رہی ہے، یہ اقدام بھی انہی ریفامرز کے تناظر میں لیا گیا ہو گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف کیس میں موبائل نیٹ ورک کمپنیز کیخلاف کارروائی پر جاری اسٹے آرڈر خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے وفاقی حکومت کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کیخلاف کیس میں موبائل نیٹ ورک کمپنیز کیخلاف کارروائی پر جاری اسٹے آرڈر خارج کرنے کی درخواست پر فریقین سے متفقہ تاریخ مانگ لی ہے تاکہ کیس کاجلدازجلدفیصلہ کیاجاسکے جبکہ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا ایک بات واضح کر دوں کہ حکم امتناع سمز بلاک کرنے پر نہیں ہے۔