بلاول بھٹو، یوسف گیلانی ملاقات

May 23, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے قائمقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے بدھ کو بلاول ہاؤس میں ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں قائم مقام صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کیلئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہو گا۔پاکستان میں مسائل ضرور ہیں۔حکومت کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری دینے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے بنانے والے ننگے پاؤں مزار قائد آتے ہیں، قائد اعظم سے لوگ پوچھتے تھے آپ ملتان کیوں نہیں جاتے ہیں تو وہ میرے والد کے بارے میں کہتے تھے وہاں گیلانی موجود ہے۔ قائم مقام صدر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایک کمیٹی بنائی تھی، مجھے یاد ہے اس وقت شاہ محمود قریشی بھی تھے اور لوگ بھی تھے ہم نے اس وقت انہیں انتخابات کی تاریخ دے دی تھی، پھر انہوں نے کہا ہم پوچھ کر بتائیں گے، میں نے اس وقت انکو کہا کہ آپ نے کے پی اور پنجاب اسمبلی توڑ کر غلطی کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی اچھے کام کریگی ساتھ دینگے۔ مولانا فضل الرحمن ہمارے پرانے دوست ہیں۔قبل ازیں قائم مقام صدر مملکت نے بدھ کو کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔