اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں پر پابندی عائد

May 23, 2024

کراچی( سید محمد عسکری ) وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے قائم مقام مسجل( رجسٹرار) کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں تمام طلبہ تنظیموں پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ طلبہ تنظیمیں کوئی بھی تدریسی و غیر تدریسی سرگرمی جامعہ کے حدود میں سرانجام نہیں دے سکتیں۔ اس دفتری حکم پر عمل نہ کرنے والے طلبہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے طلبہ کا داخلہ فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔دریں اثنا اِسلامی جمعیت طلبہ نے جامعہ اردو میں طلبہ تنظیموں پر پابندی کو خلاف آئین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیکر مسترد کردیا ہے ، جمعیت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے طلبہ تنظیموں پر پابندی لگا کر انتظامیہ اپنی نااہلی کا سرعام اظہار کررہی ہے ، جمعیت اس اقدام کو نا مناسب اور طلباء دشمن عمل گردانتی ہے۔ جامعہ اردو کے قائمقام رجسٹرار کی طرف سے طلبہ تنظیموں پر پابندی آئین پاکستان کی دفعہ18(۱)(۲) اور عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔