ہائیکورٹ : کریمنل ریکارڈ سے متعلق کیس میں آرپی او پیش ،فیصلہ محفوظ

May 23, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ملزمان کے کریمنل ریکارڈ کے ختم نہ کئے جانے کے معاملہ پر دائر درخواست پر سماعت مکمل کر لی ۔ عدالت عالیہ نے فریقین کے دلائل سنے ۔ عدالت عالیہ نے معاملہ پر وضاحت کے لئے آر پی او ملتان کو بھی طلب کر لیا ۔انہوں نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ عدالت عالیہ اور مختلف عدالتوں سے آنے والے فیصلوں کے بعد کے کریکٹر سرٹیفیکیٹس میں کریمنل ظاہر نہیں کیا جا رہا ۔ اس موقع پر عدالت عالیہ نے ریمارکس دئیے کہ پتنگ بازی ، ایم پی او ، تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنا اور کم عمری میں گاڑی چلانا جیسے مقدمات میں طلباء اگر اپنا کریکٹر سرٹیفیکیٹس بنوانے جاتے ہیں تو کریمنل ریکارڈ سامنے آ جاتا ہے ۔ ایسے طلبا بیرون ملک بھی سفر نہیں کر پاتے ۔ یوں ان کے قیمتی سال ضائع ہو رہے ہیں ۔ اس معاملہ پر انتظامیہ کو واضح حکمت عملی اختیار کرنا چاہیے ۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرحاد علی شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔ سماعت کے بعد پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ معمولی نوعیت کی مقدمات میں ریکارڈ یافتہ شہری ہونے پر بلبابیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔ ہمارے کریمنل ریکارڈ سسٹم کو تبدیل ہونا چاہیے ۔