نادہندہ وفاقی وصوبائی اداروں کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کے احکامات

June 14, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان نے واجبات /بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے والے تمام وفاقی وصوبائی اداروں /محکموں کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اور ریجن کے تمام ایس ایز کو ہدایت کی ہے کہ فوری طورپر نادہندہ سرکاری اداروں کی بجلی منقطع کی جائے اور واجب الادا بلوں کی وصولی تک کنکشنز بحال نہ کئے جائیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ماتحت سرکاری اور نیم سرکاری اداروں /محکموں کے سربراہان سے رابطہ کیاجائے اور 30جون سے قبل تمام بقایاجات وصول کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ریجن کے آپریشنل افسران سے ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ نادہندگان کے خلاف بھی بلاامتیاز آپریشن کرکے بلوں کی وصولیاں کی جائیں اور تمام ڈیفالٹرز سے رننگ بلوں اور سابقہ واجبات کی وصولیاں ممکن بنائی جائیں۔ عیدالاضحی کی سرکاری تعطیلات میں بجلی فراہمی اور شکایات کے فوری /بروقت ازالے کے لئے ٹیمیں تیار رکھی جائیں۔ چھٹیوں میں بجلی کی بلاتعطل ترسیل جاری رہے گی اور تمام شٹ ڈاؤن پرمٹ منسوخ کردئیے ہیں ۔