تاجر دوست اسکیم، مثبت نتائج

May 28, 2024

ملکی معیشت کیلئے یہ بڑی اچھی خبر ہے کہ مارچ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے متعارف کرائی گئی تاجر دوست اسکیم کے تحت یکم اپریل سے25مئی تک 6شہروں سے مجموعی طور پر 18ہزار371ریٹیلرز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔کسی بھی ملک کی معیشت کے پہیے کو رواں رکھنے کیلئےضروری ہے کہ اس کے تمام شہری اس میں اپنی اپنی استعداد کار کے مطابق حصہ ڈالیں۔جس کی واضح صورت جدید اقتصادیات میں تمام شعبہ جات و خدمات پر محصولات کا مربوط نظام ہے۔ لیکن ہمارے ہاں بد قسمتی سے محصولات کا مربوط نظام 76 برس گزر جانے کے باوجود پنپ نہیں سکا۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ عام تنخواہ دار طبقہ تو ٹیکس دیتا ہے مگر کئی شعبوں کو چھوٹ حاصل ہے، ایک رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاوہ پورے ملک کے 22؍لاکھ دکانداروں میں سے صرف تیس ہزار ٹیکس دیتے ہیں۔اسی تناظر میں تاجروں کو ٹیکس دینے کی طرف راغب کرنے کیلئے محکمہ ریونیو نےتاجر دوست اسکیم متعارف کروائی تھی جس کا اطلاق تاجروں اور دکانداروں پر کرتے ہوئےکم از کم ایڈوانس ٹیکس 1200روپے مقرر کیا گیا جبکہ سالانہ ایڈوانس ٹیکس دینے والوں کیلئے 25 فیصد رعایت کا بھی اعلان کیا گیا۔ ایف بی آر کی طرف سے اس ضمن میں جاری اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ اسکیم کے تحت 14 ہزار 472 ریٹیلرز اور اسکیم کے علاوہ 3 ہزار 899 ریٹیلرز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ کراچی سے5 ہزار 303، لاہور سے 5 ہزار 112 اور اسلام آباد سے 1 ہزار 567 ریٹیلرز نے اس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروائی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مستحکم معیشت کی طرف قدم بڑھانے کیلئےزراعت و رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر شعبوں پر بھی مناسب ٹیکس لگانے کی طرف توجہ دی جائے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998