کرکٹرز کو بارش کی وجہ سے میچ ختم ہوجانے پر فیس ملتی ہے یا نہیں؟

June 24, 2024

---فائل فوٹو

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء سے پاکستانی ٹیم تو باہر ہو چکی ہے مگر کرکٹ کے متوالے تاحال ورلڈ کپ سے متعلق لمحہ با لمحہ معلومات جاننا چاہتے ہیں۔

جیو نیوز پر بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق خصوصی ٹرانسمیشن کا سلسلہ جاری ہے جس کی میزبانی کے فرائض تابش ہاشمی جبکہ معروف کھلاڑی عمران نذیر، امام الحق اور احمد شہزاد تجزیہ نگار کے طور پر شرکت کر رہے ہیں۔

شو کے دوران میزبان تابش ہاشمی نے سوال کیا کہ جب میچ کے دوران بارش ہو جائے تو کھلاڑی خوش ہوتے ہیں کہ چھٹی ہو گئی یا دباؤ میں آ جاتے ہیں؟

اس پر سب کھلاڑیوں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بارش ہونے پر جب ایک بار کھلاڑیوں کی ردھم ٹوٹ جاتی ہے تو دوبارہ گراؤنڈ میں کھیلنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس طرح سے بارش کھلاڑیوں کے حق میں نہیں حالات کے خلاف ثابت ہوتی ہے۔


تابش ہاشمی نے میچ کے دوران بارش ہونے اور ادھورے رہ جانے والے میچ کے نتیجے میں کھلاڑیوں کو ملنے والے معاوضے سے متعلق بھی سوال کیا۔

اس پر تینوں کھلاڑیوں کا بتانا تھا کہ کھلاڑیوں کو مکمل معاوضہ ملتا ہے بشرطیکہ میچ کا ٹاس ہو چکا ہو۔

امام الحق کا بتانا تھا کہ بس میچ کا ٹاس ہونا لازمی ہوتا ہے، اگر ایک بار ٹاس ہو جائے تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ کا مکمل معاوضہ ادا کیا جاتا ہے پھر چاہے میچ ٹائے ہو جائے یا ختم۔