KPمیں انسداد پولیو مہم کا آ غاز ، 9921 ٹیمیں تشکیل ،15ہزاراہلکار تعینا ت

June 29, 2024

پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے جمعہ کے روز انسداد پولیو مہم جولائی 2024 کا باضابطہ آ غاز کردیا ہے ۔ یہ پانچ روزہ انسداد پولیومہم یکم جولائی سے پانچ جولائی تک جاری رہے گی ۔ مہم کے تحت صوبے کے چھ اضلاع میں سو فیصد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ ان اضلاع میں صوابی، سوات، ٹانک، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر شامل ہیں۔ اسی طرح پانچ اضلاع کی مخصوص یونین کونسلوں میں بھی یہ مہم چلائی جائے گی جن میں ڈی آئی خان کی 22 یونین کونسلز ، پشاور کی تین جبکہ کرم ، بنوںاور لکی مروت کی ایک ، ایک یونین کونسل شامل ہیں ۔ مذکورہ مہم کے تحت مجموعی طور پر 12 لاکھ 99 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کیلئے 9921 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیںجبکہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے تقریباً15 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔