مریم نواز کے 100 دن!

June 30, 2024

الحمد للّٰہ، پنجاب حکومت کے 100 دن پورے ہوگئے ہیں، مریم نواز نے 100 دنوں میں منصوبوں کی سنچری مکمل کرلی جبکہصرف باتیں بنانے والوں نے بڑھکیں مارنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، سابقہ حکومت نے 1 کروڑ نوکریوں کے جھوٹے وعدے کئے اور 50 لاکھ گھر بنانے کے جھوٹے خواب دکھائے، تاریخ کا سب سے بڑا قرض لیکر معیشت ڈبوئی، ایک دھیلے کا کام نہ کروایا، اب جبکہ پنجاب حکومت منصوبوں پر منصوبے بنا رہی ہے تو مخالفین تنقید برائے تنقید کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پنجاب حکومت نے نگہبان رمضان پیکیج، مریم کی دستک پروگرام، نواز شریف آئی ٹی سٹی، کسان پیکیج، کسان کارڈ، اپنا گھر اپنی چھت پروگرام، چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام، اسٹوڈنٹس کیلئے الیکٹرک بائیکس اسکیم، فری وائی فائی، گارمنٹ سٹی سمیت 100منصوبے شروع کر کے شاندار کام کیا ہے، پنجاب پنک گیمز کے انعقاد سے بچیوں اور لڑکیوں میں جذبے کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے، پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح خواتین کو بااختیار بنانا ہے، ان کو شامل کئے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی کا سفر ممکن نہیں، اسی وجہ سےخواتین کی بھلائی کیلئے ڈے کیئر سنٹر، ورکنگ ویمن ہاسٹل کی تعمیر، ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کئے جا رہے ہیں، خواتین کے سماجی تحفظ کیلئے وراثت میں ان کےحصے کا حصول اور انھیں انصاف کی تیز ترین فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، گھریلو تشدد اور ہراسانی سے بچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، میں اپیل کروں گی کہ خواتین کے بجٹ میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ خواتین کیلئے مزید ترقیاتی منصوبے شروع کئے جا سکیں۔

پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جس طرح سے ترقیاتی کاموں کے ریکارڈز بنائے ہیں اس پر انکا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائیگا، شب و روز پوری لگن سے کام کرنے پر میاں شہباز شریف نے بھی مریم نواز کو بھرپور مبارکباد دی ہے، روٹی کی قیمت ہو یا سولر منصوبہ، کینسرکی ادویات کی مفت فراہمی ہو یا موبائل کلینکس یا ایک ماہ میں 10 لاکھ مریضوں کا علاج ، ہر سروے میں پنجاب حکومت کی کارکردگی نہایت شاندار قرار دی جارہی ہے۔

ایرانی سفیر نے بھی مریم نواز کے عوام دوست اقدامات کو خوب سراہا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے وطن عزیز کو سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اہم کردار کیا،جس مریم نواز کو باپ کی کمزوری سمجھ کر قید کیا گیا، جس کا پاسپورٹ ضبط کرلیا گیا اس نہتی بیٹی نے پوری دنیا کو آئرن لیڈی بن کر دکھایا، آج وہ اپنے والد کی بہادر بیٹی بن چکی ہیں، آج عوام کی بڑی تعداد انھیں عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کر رہی ہے، یہ سفر ایک دن میں طے نہیں ہوا، یہ دن رات کی سینکڑوں نہیں ہزاروں میٹنگز کا نتیجہ ہےکہ ہر روز نئے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے، عوام جانتےہیں کہ جس نے بزدار کو مسلط کیا آج وہ کہاں ہے کیونکہ اس دور میں معیشت، معاشرت اور سیاست تینوں کی تباہی کردی گئی، اس کے دور میںثابت ہو گیا کہ انھوں نے اپنے انسانی اختیار کے تحت سازش کی۔ شریف خاندان اور مریم نواز کو قید کیا، مخالفین کو منظر عام سے ہٹا دیا، لیکن انکے جواب میں خدائی حکمت حرکت میں آئی، اب تمام مخالفین کان کھول کر سن لیں کر کہ جتنی باردوی سرنگیں انھوں نے ایک ایک کر کے ملک خداداد پاکستان میں بچھائیں وہ ساری ایک ایک کر کے مریم نواز اور شہباز شریف ناکارہ کر رہے ہیں، تم جتنے مرضی ڈالر خرچ کر کے امریکہ میں لابنگ کر لو ہمارا وطن پاکستان ترقی کی شاہراہ پر دوبارہ گامزن ہو کر رہیگا۔ پوری دنیا جان گئی ہے کہ ایک گھریلو خاتون مریم نواز نہ صرف مضبوط مریم نواز بن کر ابھری ہیں بلکہ وہ پاکستان کی پہچان بن چکی ہیں، جبکہ مخالفین اور انکے پیرو کار جل رہے ہیں، میں پیش گوئی کرتی ہوں کہ اللّٰہ کے فضل سے اگلے 100 دنوں میں یہ گروہ کے ارکان مزید حسد کریں گے اور جب تک حکومت اپنی مدت پوری کریگی یہ پوری طرح حسد کا شکار ہو جائیں گے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس

ایپ رائےدیں00923004647998)