بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بتدریج نمایاں کمی کی جائیگی، کے الیکٹرک

July 01, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے عوام کو ریلیف دلانے اور جائزہ لینے کیلئے گزشتہ رات گئے اچانک کے الیکٹرک کے سینٹرل لوڈ ڈاسپیج سینٹر کا دورہ کیا اور کے الیکٹرک حکام سےسے تفصیلات معلوم کیں ،کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس عبداللہ علوی نےیقین دلایا کہ کراچی میں شہریوں کیلئے لوڈشیڈنگ میں بتدریج نمایاں کمی کی جائیگی، وزیر توانائی کی ہدایت کے بعد کچھ علاقوں میں بہتری آئی ہے مگر تین سے چار دنوں میں مزید کمی آئے گی، اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک کے دورے کا مقصد شہر کی بجلی کی طلب کے بارے میں یوٹیلٹی کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا لوڈشیڈنگ کے باعث عوام سخت ترین اور شدید گرمی میں انتہائی پریشانی کا شکار ہیں چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ پانی اور بجلی کے حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اور ممکنہ اقدامات کئے جائیں ، ناصر شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک کو بھی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی خاطر کے الیکٹرک سے مکمل تعاون اور ہر ممکن مدد کرے گی، دریں اثنا کے الیکٹرک نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شہر میں بجلی فراہمی مجموعی طور قابو میں ہے اور شہریوں کو واضح ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔ بجلی کے تعطل کو کم سے کم رکھنے خصوصا نصف شپ کے وقت بجلی بحال رکھنے کے لئے کے الیکٹرک کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔