محرم الحرام، مجالس اور جلوسوں کو ضروری سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

July 02, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں انتظامیہ اورمذہبی علمائے کرام کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے یکم تا 12 محرم لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو ہدایات جاری کیں،وزیر اعلیٰ نے علمائے کرام کی مشاورت سے آئی جی پولیس کو سندھ بھر میں مجالس اور محرم کے جلوسوں کو ضروری سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ، اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، ضیا لنجار، ریاض شاہ شیرازی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی،علما کرام علامہ سید رضی نقوی، علامہ نثار احمد قلندری، مولانا محمد حسین اور دیگرنے شرکت کی، مراد علی شاہ نے علما سےکہا کہ ان کے صوبے کو مذہبی فرقہ واریت سے بالاتر ہونے کا اعزاز حاصل ہے ، مجھے یقین ہے کہ باہمی احترام کا یہ عمل مزید مضبوط ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آئی جی پولیس شیعہ علماء سے مشاورت کے بعد سیکیورٹی پلان ترتیب دیں۔