بجلی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں تاجروں کے مظاہرے

July 02, 2024

اسلام آباد( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیر کو تاجر تنظیموں کی کال پر وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں احتجاج کیا گیا جس میں تاجروں سمیت عوام نے بھرپور شرکت کرکے بجلی قیمتوں میں آئی ایم ایف کے ایماء پر کیے جانے والا ظالمانہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ عوام بجلی کے بل ادا کرنے کے قابل نہیں اور رات کی تاریکی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا، عوام دشمن حکومت عوام کو زندہ درگور کرنے کے درپے ہے، انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکریٹری خالد چوہدری ، یوسف راجپوت ،چوہدری سعید، میاں بشارت ،امین پیر زادہ جمعیت القریش کے ظہیر احمد ، راجہ فیاض اور اخلاق عباسی ، زاہد حسین، راجہ جاوید،حاجی ظفر،شہزاد عباسی،عرفان چوہدری سلاور خان،ملک عزمان، اظہر امین ،مظفر ہاشمی،عبداللہ اسماعیل، جمیل قریشی،فرحان خان ،ولید خالد، خالد چوہدری عرفان، ملک صغیر،زائر عباسی،افتخار عباسی،اختر عباسی اور ارشد عباسی سمیت دیگر موجود تھے ،اجمل بلوچ نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدے ،سلیب سسٹم ختم ، ٹیکسز واپس اور ملازمین کو مفت بجلی کی سپلائی روکی جائے ، مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے وزیر اعظم ہائوس کا گھیراؤ کریں گے ، کاشف چوہدری نے کہاکہ مہنگی بجلی کے باعث صنعتیں بند اور کاروبار تباہ ھو رھے ھیں، ظلم بند کیا جائے۔