محرم میں 910 جلوس، 3182 مجالس ہونگی، جامع سکیورٹی پلان مرتب

July 02, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو محرم الحرام کے جلوسوں کی مرمت کا ٹاسک سونپا جاچکا ہے۔ محکمہ پنجاب ہائی وے تمام پیچ ورک کرے گا۔ میپکو حکام سے رابطہ میں ہیں۔جلوسوں کے روٹس سے بے ہنگم لٹکتی تاروں کی درستگی کیلئے جبکہ متعلقہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نا کرنے اور کم وولٹیج کے سدباب کیلئے بھی لکھا گیا ہے، آر پی او ملتان کیپٹن ر سہیل نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز 910 جلوس، 3182 مجالس ہونگی۔محرم الحرام میں امن و امان کیلئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا جاچکا ہے۔ڈویژن میں 10 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔ قاری حنیف جالندھری، علی رضا گردیزی ،مظہر گیلانی، علامہ فاروق سعیدی ، مزین عباس چاون نے کہا کہ امن وقت کا تقاضہ ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد ، سی پی او صادق ڈوگر،ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار، سید اصغر علی نقوی، انجینئر سخاوت علی، صاحبزادہ انوار الحق مجاہد،خاور حسین بھٹہ، عنایت اللہ رحمانی، علامہ عبدالحق مجاہد، سید عون رضا شمسی،مولانا زبیر احمد صدیقی، صدر چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال موجود تھے ۔