بم دھماکہ کیس ،دو گرفتار ملزموں کو3مرتبہ سزائے موت و عمر قید

July 02, 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے بم دھماکے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کو تین تین بار سزائے موت ، تین تین مرتبہ عمر قید اور دیگر الزامات کے تحت مجموعی طور پر پچیس پچیس برس قید اور جرمانے کی سزا سناتے ہوئے تمام منقولہ وغیر منقولہ جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔ تھانہ سی ٹی ڈی راولپنڈی میں 13دسمبر 2020کو محمد اسحاق خان کی درخواست پر درج کیس کے مطابق دو نوجوانوں نے ہملٹن چوک کے قریب سڑک پر کوئی چیز پھینکی جنہیں مشکوک جانتے ہوئے روکنے کی کوشش کے دوران وہ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو خواتین سمیت پندرہ سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ سی ٹی ڈی پولیس نے نصرت خان اور عادل خان نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔