دو افراد قتل، نالے سے لاش برآمد، نوجوان ٹرین تلے آگیا، حادثہ میں ایک جاں بحق

July 03, 2024

راولپنڈی ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) مختلف علاقوں میں ایک نوعمر لڑکے سمیت 5افراد جان کی بازی ہارگئے ،تھانہ دھمیال کے علاقہ میں 53سالہ شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا، پولیس کے مطابق ٹھلیاں میں اظہر حسین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیاگیا ۔ تھانہ روات کو نواجد محمود نے بتایاکہ میرا بھائی محمد نزاکت جو فیز 8 پلازہ میں مزدوری کرتا تھا کا فون بند مل رہا تھا ۔ہم اسے تلاش کرتے ہوئے پلازہ بیسمنٹ میں گئے تو دیکھا کہ بیسمنٹ میں لفٹ کیلئے خالی چھوڑی گئی جگہ جہاں پر پانی کھڑا تھا وہاں میرے بھائی کی لاش تیر رہی تھی۔ نامعلوم ملزمان نے میرے بھائی کو قتل کیا ۔ تھانہ مورگاہ کو عمر فاروق نے بتایا کہ میرا چھوٹا بھائی محمد علی عمر 14 سال کے موٹر سائیکل کو آمنہ مسجد کے سامنے تیز رفتار ٹریکٹرڈرائیور نے ٹکر ماری جس سے وہ دم توڑ گیا۔ 20/25سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش راول ڈیم نالے سے برآمد ہوئی جوسیکرٹریٹ پولیس نے پولی کلینک ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دی ۔ تھانہ کورال کے علاقے میں میں 24/25 سالہ گل نورانی نامی نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش پمز ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر د ی۔ رات گئے تک پولیس مصروف تفتیش تھی کہ نوجوان نے خود کشی کی ہے یا حادثاتی طور پر گر کر جاں بحق ہوا ۔