شادی شدہ خاتون کی خودکشی، فائرنگ واقعات میں دو افراد قتل

July 02, 2024

راولپنڈی ، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) کے مختلف علاقوں میں شادی شدہ خاتون سمیت تین افراد جان کی بازی ہارگئے ۔ تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ میں ایک بچے کی ماں نے زہریلی شے کھاکر خودکشی کرلی۔اے ایس آئی نصر حیات نے بتایاکہ ڈھوک حافظ میں 19سالہ (ک) نے گھریلو ناچاقی پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔تفتیشی افسر کے مطابق وہ چار ماہ کی حاملہ تھی ۔ادھر تھانہ چونترہ کے علاقہ میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیاگیا۔ایچ آئی یو چونترہ کے تفتیشی افسر انسپکٹر لیاقت علی نے بتایاکہ چہان کے علاقہ میں 34سالہ خان زادہ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ دریں اثناء تھانہ سہالہ کے علاقے میں کہوٹہ روڈ کے قریب مقامی فیکٹری کے جواں سال ملازم نزاکت حسین کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے والد رازق حسین سکنہ نئی آبادی چکیاں ضلع اسلام آباد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا۔