لانگ مارچ ،دھرنوں کی باتیں درست اقدام نہیں‘ سردار تنویر الیاس

July 02, 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز) صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیرو سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاستوں اور ملکوں سے محبت بجلی کے ٹیرف یا آٹے کی قیمت سے منسلک نہیں ہوتی۔ پاکستان کے انٹری پوائنٹس کی طرف لانگ مارچ، انہیں بند کرنے اور دھرنوں کی باتیں درست اقدام نہیں۔ دو ماہ کے دوران جو صورتحال آزاد خطہ میں پیدا ہوئی اسکے ذمہ دار حکومت اور سیاست دان ہیں۔ مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں آزاد کشمیر کے شہریوں کو غربت، بیروزگاری سے نکالنے اور سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی تھی مگر ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں‘ جو بھی ہماری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا چاہے اُسے ویلکم کرینگے۔