پابندی اورآرٹیکل 6 کا حکومتی اعلان مضحکہ خیز ہے، تحریک انصاف

July 16, 2024

کوئٹہ(پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف الله کاکڑ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی اور عمران خان و دیگر کے خلاف آرٹیکل 6لگانے کا اعلان مضحکہ خیز ہے ،حکومت شدید بوکھلاہٹ میں بدحواسی کا شکار ہو چکی ہے اور اب الٹے سیدھے اعلانات کررہی ہے ،سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق تاریخی فیصلے کے بعد فارم 47کی جعلی حکومت کو مستعفی ہو جاناچاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیان میں کیا ۔انہوں نے پابندی اور آرٹیکل 6 کے حکومتی اعلان کو انتہائی مضحکہ خیز اور بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے، سپریم کورٹ کے معزز ججز نے اس حوالے سے ریمارکس بھی دیئے ہیں، دراصل سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جعلی حکمرانوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں اور وہ شدید بوکھلاہٹ کے عالم میں آئیں بائیں شائیں کررہے ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ تحریک انصاف کا راستہ کس طرح روکا جائے ۔ دو سال میں انہوں نے ظلم و ستم سمیت ہر حربہ استعمال کرلیا مگر رسوائی، بدنامی اور ناکامیوں کے علاوہ انہیں کچھ نہ ملا انہوں نے کہا کہ ہمیں اور قوم کو عدلیہ پر مکمل بھروسہ ہے ،ہم جعلی حکمرانوں کی ایسی بونگیوں کو کسی خاطر میں ہی نہیں لاتے۔