والدین کا قتل :جسٹس (ر) جاوید اقبال کے بھائی اور اسکے2ساتھیوں کو سزائے موت

January 30, 2016

لاہور ( نمائندہ جنگ ) ایڈیشنل سیشن جج نسیم احمد ورک نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ( ر)جاوید اقبال کے والد سابق ڈی آئی جی محمد اقبال اور والدہ زرینہ کو قتل کرنے کےجرم میں سگے بیٹے نوید اقبال اور اس کے2 ساتھیوں عباس شاکر اور امین علی کو 2،2بار سزائے موت اور 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنا دی ہے جبکہ ڈکیتی کرنے کے الزام میں تینوں ملزموں کو50،50 ہزار روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی ہے۔واضح رہے کہ پانچ برس قبل ملزم نوید اقبال نےرقم دینے سے انکار پر دو ساتھیوں عباس شاکر اور امین علی کے ساتھ اپنے باپ سابق ڈی آئی جی محمد اقبال کے گھر میں ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا ،معمرمیاں بیوی نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کرکے محمد اقبال اور انکی اہلیہ کو قتل کر دیا تھا، پولیس ابتدا میںواقعہ کو ڈکیتی کی واردات گردانتی رہی لیکن تفتیش میں ثابت ہوا کہ ملزم نوید اقبال نے دو ساتھیوں سے مل کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا رقم نہ ملنے پر والد اور ماں کو قتل کروانے کی سازش میں دیگر ملزمان کا ساتھ دیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کر دیا۔ پراسیکیوٹر شبیر خان نے اس واردات کے ثبوت عدالت میں پیش کئے ۔