نعت: گفتار مثالی ہے، تو کردار مثالی

June 06, 2018

عارف منصور

گفتار مثالی ہے، تو کردار مثالی

ہیں آپؐ تو اللہ کے شہکار مثالی

کھل جائیں مِری سمت بھی، جنت کے دریچے

ہو جائے اگر خواب میں، دیدار مثالی

زخموں سے بھرا جسم ، پہ ہونٹوں پہ دعائیں

دشمن سے رویہ رہا، ہر بار مثالی

تکمیل ہوئی آپ ؐ پہ جب دینِ مبیں کی

ہیں آپ ؐ ہی بس دین کے معمار مثالی

جو آپؐ کے انفاس کی خوشبو میں بسا ہے

ملتا ہے مدینے میں وہی پیار ،مثالی

جلوہ گہہِ آقا ؐپہ ہوئی بارشِ رحمت

دہلیز پہ اشکوں کے بندھے تار، مثالی

جو میرے لئے حشر میں، بخشش کا سبب ہو

ہو کاش حضوری میں وہ اقرار مثالی

اس بار اگر مدحتِ سرکار ؐ ہو لب پر

منصور نظر آئے ،سر ِدار ،مثالی