آپ کا برج کرے... گھر کے لیے بہترین پودوں کا انتخاب

June 28, 2018

کچھ عرصہ قبل جن لوگوں کے گھروں میں پودے یا سبزہ دیکھا جاتا تھا تو عام طور پر یہ خیال دل میں آتا تھاکہ اس گھر کے مکین باغبانی کا شوق رکھتے ہیں۔ اگرچہ باغبانی ایک سود مند مشغلہ ہےتاہم آج وہ لوگ جو باغبانی کا شوق نہیں رکھتے تھے ان کے گھر بھی پودوں اور کیاریوں سے سجے نظر آتے ہیں۔کیونکہ پودے گھر سجانے کے لیے ہی نہیں بلکہ اردگرد کی فضا کو خوشگوار بنانے کے ساتھ ساتھ مکینوں کی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرنے کے لیے بھی لگائے جاتے ہیں۔ہرے بھرے پتوں میں موجود رنگ برنگے پھول گھر کی خوبصورتی بڑھانے کے ساتھ ساتھ انسان کے مزاج پر بھی اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ لیکن سوال یہ پیداہوتا ہے کہ کون سے پودے لگائے جائیں، آج کی تحریر میں ہم آپ کوبتائیں گے کہ آپ کے برج کے لحاظ سےکون سے پودے آپ کے لیے بہترین ہیں جو آپ کو پرسکون رکھنے کے ساتھ ساتھ صحت مند فضا فراہم کرسکیں ۔

برج حمل(Aries)

اگر آپ کا تعلق برج حمل سے ہےتو امریکی ماہراور ہاؤس پلانٹ گائیڈ’ایرن میرینو‘ کے مطابق آپ کے گھر کے لیے’’ کیکٹس ،،بہترین پودا ہےکیونکہ برج حمل کے لیے کہا جاتا ہےان افراد کا جوش اور ولولہ نہ ختم ہونے والا ہوتاہے، جلدبازی اور نہ رکنے کا ایک عزم ان میں پایا جاتا ہے جب کہ یہ پودا انھیں تحمل مزاجی اور وقت کی اہمیت کا اندازہ دلاتا ہے کیونکہ اس کے پتے آہستہ سے بڑھتے اور عشروں تک زندہ رہتے ہیں۔

برج ثور(Taurus )

برج ثور سے تعلق رکھنے والے افراد امن پسنداورپرسکون مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔ میرینو برج ثور سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے جیڈ پلانٹ( بونسائی) کے پودے کا انتخاب کرتی ہیں ۔یہ پوداسکون اور توازن کی نشانی ہے، اپنی نازک اور بہت ہلکی پتیوں کی ترتیب سےیہ انتہائی سکون بخش پودا کہلاتا ہے۔

برج جوزا(Gemini)

برج جوز سے تعلق رکھنے والے افراد آزاد خیال اور ایڈونچر کے شوقین ہوتے ہیں، چونکہ ان کی شخصیت میں ٹھہراؤ نہیں ہوتا ہے اس لیے یہ افراد ایک جگہ رہنا پسند نہیں کرتے۔ اسی لیے ماہرین اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ایئر پلانٹ تجویز کرتے ہیں۔ ایئر پلانٹ ہوا کے دوش پر بڑھتے ہیں اور انھیں بنا گملوں کے بھی کسی دیوارپر لگایا جاسکتا ہے۔

برج اسد(Leo)

برج اسد سے تعلق رکھنے والے افراد دوسروں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یہ جس محفل میں بھی ہوں دوسروں کی توجہ بآسانی حاصل کرلیتے ہیں۔ ربڑ پلانٹ بھی بالکل اسی طرح کرتا ہے،یہ گھر کے کسی بھی حصے میں موجود ہو، منفرد بناوٹ کے باعث مہمانوں کی توجہ حاصل کرلیتاہے۔اس پودے کو انڈور یاآؤٹ ڈور کہیںبھی استعمال کیا جاسکتا ہے، اس پودے کی خصوصیت اس کےچوڑے پتے ہوتے ہیں۔

برج سنبلہ(Virgo)

ایرن میرینو برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ازالیہ پلانٹ رکھنے کا مشورہ دیتی ہیں ازالیہ جھاڑی نما درختوں کی ایک قسم ہےجو دنیا کے شمالی حصےمیں پائی جاتی ہے ۔ اس پودے کو دیکھتے ہی قدرتی خوبصورتی دل کو متاثر کرنے لگتی ہے۔دوسری جانب ماہرین، برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے گھر میں ایلویرا کا پودا رکھنے کی تجویز بھی دیتے ہیں۔یہ پودا رات کو آکسیجن کا اخراج کرتا ہے، جس سے آپ پرسکون نیند حاصل کرسکتے ہیں جبکہ اسے جلدی بیماریوں کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

برج میزان(Libra)

کم بجٹ میں پھلنے پھولنے والے پودے کا سنتےہی اسنیک پلانٹ کا تصور ذہن میں ابھرنے لگتا ہے ۔ یہی وہ پودا ہے جو اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے بہترین ہے۔ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کے کم بجٹ کے سبب برج میزان سے تعلق رکھنے والے افراد انھیں آسانی سے گھر میں لگا سکتے ہیں ۔صرف یہی نہیں، اسنیک پلانٹ گھر کی فضا کو آلودگی سے پاک کرنے اورکمرے کا آکسیجن لیول برقرار رکھنے والے پودوں میں سے ایک ہے۔ اس پودے کے ہرے اور پیلے پتے کمرے کی خوبصورتی میں اضافہ کردیتے ہیں۔

برج عقرب (Scorpio)

برج عقرب سے تعلق رکھنے والے افراد کےلیے ماہرین پچر پلانٹ یا پام ٹری جیسے پودوں کو لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ایشیائی گھروں میں عام طور پرپچر پلانٹ کم دیکھنے میں آتےہیں لیکن پام ٹری تو بآسانی گھر کے لان یا پورچ ایریا میں لگایا جاسکتاہے۔ گھر کے اندر بھی ان پودوں کو رکھا جاسکتا ہے جو کم روشنی میں بھی ہرےبھرےرہتے ہیں، ساتھ ہی ہوا کو صاف کرنے کے علاوہ یہ کمرے کا درجہ حرارت 5 سیلسیس تک کم کر سکتے ہیں۔

برج جدی(Capricorn)

اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کے کام ختم ہونے میں نہیں آتے،دن کاسورج ان کے لمبے کاموں کی طویل فہرست لے کر نمودارہوتا ہے۔ برج جدی کے حامل افراد کے لیےچائنیزایور گرین انڈور پلانٹ بہترین ہے،اگر یہ افراد اس پودے کو گھر میں لگالیںتویہ پودا کم پانی میں بھی پروان چڑھتاہے۔ تھوڑی سی توجہ اور نگہداشت بھی ان کی آنکھوں کو فرحت اور راحت کا سامان فراہم کرتی ہے۔

برج قوس(Sagittarius)

برج قوس کے پیش نظر ماہرین مونسٹریا کاپودا لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ تاہم اس پودے کو لگانے کے لیے خاصی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے،کسی درخت پر اگر اس پودے کو چڑھایا جائے تو یہ میزبان درخت کے پودے کو کھا جاتاہے۔برج قوس سے تعلق رکھنے والے افراد چونکہ محنت پسند ہوتے ہیں اس لیے ا س پودے کی حفاظت اور نگہداشت ان کو بھاری محسوس نہیں ہوتی۔

برج دلو(Aquarius)

اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ماہرین ریکس بگونیا کاپودا لگانے کا مشورہ دیتے ہیں، جو اپنے قدرتی پتوں میں پائے جانے والے حسن اور خوبصورتی کی وجہ سے گھر میں سجاوٹ کے لیےبے حد مشہور ہے۔ یہ پودا عام طور پر گھر کی خوبصورتی بڑھانےکے لیے گملوں میں لگایا جاتا ہے۔

برج حوت(Pisces)

برج حوت سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیےاسپائڈر پلانٹ بہترین ہے، یہ گھروں میں عام طور پر زیادہ استعمال کیا جانے والا پودا ہے جو ہوا کو صاف کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے ۔یہ پودا گول اور چوکور گلدانوں میں آسانی سے بڑھتا ہے، اس سے سفید پھول پیدا ہوتے ہیں جن کی عمر ایک سال ہوتی ہے۔

برج سرطان(Cancer)

برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد محبت کرنیوالے، ہمدرد اور نرم مزاج ہوتے ہیں،ماہرین اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیےایک ایسے ہی پودے پیس للی کا انتخاب کرتے ہیں ۔ پیس للی ایک جڑی بوٹی ہے جو فارمل ڈی ہائیڈ اور ٹرائی کلورو ایتھائلین جیسے زہریلے مادوں کو جذب کرتی ہے۔