• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نوٹس کے بعد قومی کھیلوں کی فیڈریشن متحرک

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ٹی آئی) کی جانب سے ملنے والے نوٹس کے بعد قومی کھیلوں کی فیڈریشن متحرک ہوگئیں۔

جوڈو اور تائیکوانڈو فیڈریشن نے جنرل کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس طلب کر لیے۔ نیٹ بال فیڈریشن نے پابندی کا فیصلہ مسترد کردیا اور عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے دو روز قبل پاکستان جوڈو، پاکستان تائیکوانڈو اور پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹریز کو 7 روز میں عہدوں سے دستبرار ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے نوٹس جاری کیے تھے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نیٹ بال فیڈریشن کے عہدیداران پر پابندی عائد کی گئی تھی، پی ایس بی کے نوٹس کے بعد کھیلوں کی فیڈریشنز متحرک ہوگئیں اور جنرل کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس طلب کر لیے۔

پاکستان تائیکواڈو فیڈریشن کا اجلاس کل ہوگا، فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ وسیم کا کہنا ہے کہ وہ قومی اسپورٹس پالیسی پر مکمل عمل کریں گے اور فیڈریشن کے آئین کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قومی اسپورٹس پالیسی میں دو ٹرم کے علاوہ بھی کئی اہم باتیں ہیں جس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ نوٹس موصول ہوگیا ہے، 6 جنوری کو ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا اجلاس آن لائن ہوا جس میں پابندی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید