خوبصورت پردے بڑھائیں گھر کی شان

September 27, 2018

بیڈروم، باورچی خانہ، غسل خانہ یا لاؤنج، سب جگہ پردوں کا استعمال مختلف مقاصد کے تحت کیا جاتا ہے۔ گھر کی تزئین و آرائش میں پردے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بہترین کپڑے اور نقش ونگار کے پردے حاصل کرے۔ پردے، گھر کی سجاوٹ میں اضافہ کرنے کے علاوہ روشنی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں اور یہ باہر سے گھر کی رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے بصری رکاوٹ بھی بنتے ہیں۔ گھر کے ہر حصے کی سرگرمی اور استعمال پر منحصر ہے کہ آپ گھر کی کھڑکیوں کے لیے کس طرح کے پردوں کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔

اس میںڈیزائن، کپڑے، رنگ اور لمبائی کی وسیع اقسام شامل ہیں۔ خوبصورتی اور کامل ہونے کے علاوہ پردوں کے اور بھی فائدے ہوتے ہیں، ایک تو یہ کہ پردے کمرے اور اس میں موجود فرنیچر، قالین وغیرہ کو دھول مٹی سے خراب ہونے سے محفوظ رکھتے ہیں اور تازہ ہوا اور دھوپ کی مناسب مقدار کو کمرے میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے کمرے کو جراثیم سے پاک رکھتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں آپ کی رہنمائی کے لیے، پردوں کے انتخاب اور تنصیب کے حوالے سے مفید تجاویز پیش کی جارہی ہیں۔

بڑے اور متناسب پردے

’فلور ٹو سِیلنگ‘ یا فرش سے چھت تک کھڑکیوں کے لیے بڑے اور متناسب پردوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہال یا بڑے دیوان خانے، ان پردوں کے بغیر نامکمل ہوتے ہیں۔یہ آپ کے گھر کو ایک شاندار شکل دیتے ہیں۔

شفاف پردے

سفید، باریک، نفیس اور شفاف کپڑے سے بنائے گئےپردے عموماً ایسے کمروں میں لگائے جاتے ہیں، جن کی کھڑکیاں باغیچوں یا خوبصورت اورفطری مناظرکی طرف کُھلتی ہیں۔

رنگین اور دبیز پردے

پردوں کا فرنیچر اور کمرے کے رنگ کے ساتھ امتزاج سلیقہ مندی کی بنیادی حقیقت ہے۔ اگر آپ کسی کمرے کے لیے دبیز اور پٹی دار پردوں کا انتخاب کرتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو کمرے کے فرنیچر اور پینٹ کے لیے بھی ایسی کلر اسکیم کا انتخاب کرنا چاہیے، جو مجموعی طور پر ایک خوبصورت امتزاج کا نظارہ پیش کرے۔

دوہرے پردے

دوہرے پردوں کا انتخاب ان کمروں کے لیے موزوں رہتا ہے، جن کی کھڑکی ہوادار اور روشنی میں کُھلتی ہے، تاکہ بوقت ضرورت روشنی سے استفادے کرنے کے لیے گہرے رنگ کے پردے ہٹے رہیں اور باریک سفید پردوںسے روشنی آتی رہے۔ جب روشنی اور تازہ ہوا کی ضرورت نہ ہو تو دہرا پردا لٹکا دیا جاتا ہے۔ ٹی وی لاؤنج اور دیوان خانے دہرے پردوں کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔

شاہانہ اور روایتی انداز کے پردے

اونچی چھت، بڑی کھڑکیاں اور روشن دان، یہ ساری خصوصیات ایک شاہانہ گھر کی نشاندہی کرتی ہیں۔ سفید اور شفاف پردوں کے ساتھ اگر رنگین روشنیوں کا انتظام کیا جائے تو روشنیوں کے رنگ پردوں پر بھی جھلکیںگے۔

رنگوں کی زبان

کمرے کا سارا حُسن پردوں کی خوبصورتی، پردوں کے پس منظر، قالین کے امتزاج اور اسی مناسبت سے صوفوں یا بیڈ کے کنٹراسٹ کے ذریعے پیدا ہوتا ہے۔ آپ کمرے کی تھیم کے مطابق گہرے، ہلکے یا نیوٹرل رنگ کے پردوں کا انتخاب کرکےاپنے گھر میں مسحورکن مناظر تخلیق کرسکتے ہیں۔

پردوں کیلئے کچھ کلر کومبوز

دہرے پردوں کے لیے آپ کچھ اس طرح کے کلر کومبوز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

کھڑکیوں کیلئے پردوں کا انتخاب

گھر کے کمروں کی حفاظت اور سجاوٹ کو پورا کرنے کے لیے پردوں کو کھڑکی کے مطابق ہونا ضروری ہے۔

ےپردے کی طرز کو منتخب کرنے کے لیے کھڑکی کے ڈیزائن کو ذہن میں رکھنا ضروری ہے۔ کھڑکی کے طول و عرض کے مقابلے میں لمبائی اور کپڑے کی ضروری مقدار کے درمیان تناسب کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔

ےصحیح طریقے سے کپڑے کی مقدار کا حساب لگائیں تاکہ پردے اچھے لگیں اور کھڑکی کی پوری سطح کو ڈھانپ لیں، اس کے لیے کپڑا زیادہ ہونا لازمی ہے۔

سرمئی اور سفید رنگ

سرمئی رنگ کے ساتھ سفید رنگ جدیدیت کی خوبصورت مثال ہے، جو آج کل کافی ڈیزائنر استعمال کرتے ہیں۔ یہ ان کے کام میں نفاست اور جدیدیت منعکس کرتا ہے۔ پردے اگر ہلکے رنگ کے ہوں تو لوگ زیادہ پسند کرتے ہیں اور خاص کر اگر آپ کے دیوان خانے میں فرنیچر اور فرش گہرے رنگ کا ہے تو ہلکے رنگ کے پردے اس کے ساتھ زبردست جچیں گے۔ سرمئی رنگ کے ساتھ سفید رنگ کا انتخاب بہت خوبصورت اور طبیعت کو ہلکا محسوس ہوتا ہے۔

شوخ نیلا اور سفید رنگ

نیلا رنگ انتہائی دلکش اور ماحول کو پرسکون بناتا ہے اور اس کا سفید رنگ کے ساتھ استعمال اور بھی زیادہ بہترین اور دلکش محسوس ہوتا ہے۔ چھوٹے دیوان خانوں کے لیے اس رنگ اور کپڑے کے پردے بہت خوبصورت لگتے ہیں اور مہمانوں کے لیےخوشگوار احساس فراہم کرتے ہیں۔ اگر آپ کا دیوان خانہ ہلکے یا سفید رنگ سے بنا ہوا ہے، تو اس طرح کے پردے آپ کے دیوان خانے کی شان بڑھا دیںگے۔