ماہرہ خان کا تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

August 17, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ماہرہ خان نے اپنی اداکاری کے حوالے سے خود پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔

معروف بین الاقوامی اداکارہ ماہرہ خان نے تھانیدار کے روپ میں خود پر اداکاری کے حوالے سے تنقید کرنے والوں کو مذاق ہی مذاق میں جواب دے دیا۔

ماہرہ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سپر اسٹار‘ کے سیٹ سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ تھانیدار کا لباس زیب تن کئے چہرے پر مونچھیں اور سر پر ٹوپی رکھی نظر آرہی ہیں۔

ماہرہ نے اس دوران ریپ سانگ گاتے ہوئے جہاں بہت سی مزاحیہ باتیں بھی کیں تو وہیں انہوں نے خود پر اداکاری نہ آنے کی تنقید کا جواب بھی دیا۔

اداکارہ نے کہا ’میرا نام ہے ماہرہ خان، کہنے سے ہو جاتا ہے سب کا کام تمام، میں ہوں ایک پٹھان۔‘

تاہم اسی دوران انہوں نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ کچھ اداکاروں نے کہا کہ مجھے اداکاری نہیں آتی، کیا آپ کی بھی فلمیں سو کروڑ کماتی ہیں؟

واضح رہے کہ فردوس جمال نے اداکار فیصل قریشی کے شو میں کہا تھا کہ ان کے نزدیک ماہرہ خان ہیروئن بننے کے لائق نہیں ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ ماہرہ خان ماڈل تو ہوسکتی ہیں لیکن وہ اچھی اداکارہ ہیں اور نہ اچھی ہیروئن۔

اس پر سوشل میڈیا اور خود شوبز حلقوں میں ایک بحث چھڑگئی تھی، اس میں کئی لوگوں نے ماہرہ خان کی حمایت کی تھی لیکن بعض افراد نے فردوس جمال کو سینئر اداکار قرار دیتے ہوئے ان کی تنقید کو درست قرار دیا تھا۔