سری لنکا کا دورہ پاکستان ایک بار پھر غیر یقینی کا شکار

September 11, 2019

سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ایک بار پھر غیریقینی کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔

کرکٹ سری لنکا نے دعو یٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم آفس کو مصدقہ ذرائع سے پاکستان میں ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات ملی ہیں، بورڈ نے تازہ صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خدشات کے بعد حکومت سے رہنمائی طلب کی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کرکٹ سری لنکا دورے کے حوالے سے انتہائی محتاط ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔ کرکٹ سری لنکا حکومت سے رہنمائی لینے کے بعد انتہائی ذمے داری سے کوئی فیصلہ کرے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ سری لنکا نے سیکیورٹی کی دوبارہ جانچ کے لیے حکومتی معاونت کی بھی درخواست کی ہے۔

سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے دورے کے حوالے سے وارننگ موصول ہوئی ہے جس کے بعد اس نے سیکیورٹی دوبارہ جانچنے کے لیے اپنی حکومت سے معاونت مانگ لی ہے۔

سری لنکن بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آفس کو اطلاع دی گئی ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سری لنکن بورڈ ٹیم کی دورے پر روانگی سے قبل تمام معاملات کا انتہائی ذمہ داری کے ساتھ جائزہ لے گا۔