تکہ... لذت ایسی کھائے بغیر رہا نہ جائے

October 05, 2019

ہمارے ہاں گوشت سے بنے مختلف پکوان بہت پسند کیے جاتے ہیں گوشت کو مختلف ڈشز کی صورتوں میں بنایا جاتا ہے۔اس سے تکے بھی تیار کیے جاتے ہیں جو کھانے میں انتہائی لذیذ اور مزیدار ہوتے ہیں۔تکہ بوٹی بنانے کے لیےگوشت کو مصالحو ں سے میرینیٹ کر کے گرل یا فرائی کیا جاتا ہے۔

جو لوگ ڈائیٹنگ کرنا چاہیں وہ روٹی سالن اورچاول چھوڑ کر مختلف تکوں کی ڈشز کھاسکتے ہیں۔جو کہ مزیدار بھی ہوتی ہیں اور مکمل پروٹین بھی مہیا کرتی ہیں۔سردیوں میں اکثر لوگ رات کے وقت باربی کیو کرتے ہیں اور تکے کباب سے خوب مزہ اٹھا تے ہیں۔علاوہ ازیں مختلف دعوتوں میں بھی تکے کباب بنائے جاتے ہیں۔اب طرح طرح کے مزیدار تکہ بوٹی بنائے جانے لگے ہیں ۔ چند کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

نمکین لیمب تکہ

اجزاء۔

لیمب یا مٹن ۔ایک کلو گرام (چربی کے ساتھ کیوبز میں کٹا ہوا)

کالی مرچ پاؤڈر ۔ایک چائے کا چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

پپیتا پیسٹ ۔تین چوتھائی چائے کا چمچ

دہی۔ چار کھانے کے چمچ

اجوائن۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

مکھن ۔تین کھانے کے چمچ (اگر ضرورت ہوتو)

سکیورز ۔گرلنگ کے لئے

ترکیب۔

مٹن کو تمام اجزاء کے ساتھ سوائے مکھن کے ایک گھنٹے کے لئے میری نیٹ کرلیں۔

پھر باربی کیو گرل کو گرم کرلیں۔

اسکیورز لے کر گوشت کے ٹکڑے پرو لیں اور گرل پر رکھ دیں۔

تکے کی ہر سائیڈ آٹھ سے دس منٹ کے لئے پکالیں۔

اگر چربی والا گوشت استعمال نہیں کر رہے تو پیسٹری برش کے ساتھ گرل کرنے کے دوران مکھن لگائیں۔

لیموں اور پیاز کے لچھوں کے ساتھ سرو کریں۔

نوٹ:گوشت کو ذیادہ دیر تک نہ پکائیں کیونکہ یہ سخت ہو جائے گا۔

بیف بہاری باربی کیو

اجزاء۔

بیف فلے ۔آدھا کلو (باریک کٹے ہوئے

دہی۔ ایک سو گرام

پپیتا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

پیاز۔ ایک عدد (کٹی اور فرائی کی ہوئی)

لہسن ادرک کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

سفید زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ (کٹی ہوئی)

گرم مصالحہ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر ۔آدھا چائے کا چمچ

بیسن۔ چار کھانے کے چمچ (بھنا ہوا)

مسٹرڈ آئل۔ چار کھانے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

گارنشنگ کے لئے:

سلاد کے پتے ۔تین سے چار عدد

کھیرے۔ دو سے تین عدد

ٹماٹر۔ دو سے تین عدد

ترکیب۔

ایک پیالہ لیں اور اس میں بیف کے پارچے، تمام مصالحے اور اجزاء شامل کرکے اچھی طرح ملالیں۔

اب اس مکسچر کو دو سے تین گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔

اب میری نیٹ کیا ہوا گوشت اسکیورز پر لگا کر باربی کیو کرلیں۔ یا اگر آپ چاہیں تو بیک یا فرائی بھی کرسکتے ہیں۔

سلاد کے پتوں، کھیرے اور ٹماٹروں کے ساتھ گرم گرم بہاری بوٹی سرو کریں۔

تکہ بوٹی

اجزاء۔

گائے کا گوشت۔ پانچ سو گرام

دہی ۔آدھا کپ

پپیتا پیسٹ۔ ایک چوتھائی کپ

لہسن ۔دو چائے کے چمچ

ادرک۔ ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

لال مرچ ۔دو کھانے کے چمچ ﴿پسی ہوئی

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

گھی۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں دہی، پپیتے کا پیسٹ، لہسن، ادرک، لیموں کا رس، گرم مصالحہ، ہری مرچ کا پیسٹ، لال مرچ اور نمک ڈال کر مکس کریں۔

اس مکسچر میں گوشت کو میری نیٹ کرلیں۔

پھر ان کو اسکیورز پر لگائیں اور گرل کریں۔

آخر میں برش کی مدد سے گھی لگائیں۔

مزے دار تکہ بوٹی کچومر کے ساتھ سرو کریں۔

تندوری موتی تکہ

اجزاء۔

چکن۔ آدھا کلو (بون لیس)

کالا زیرہ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ تین چوتھائی چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)

چیڈر چیز ۔تین کھانے کے چمچ (کدو کش)

فریش کریم۔ دو کھانے کے چمچ

انڈے کی سفیدی۔ ایک عدد (پھینٹی ہوئی)

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

دہی ۔چار کھانے کے چمچ

اسکیورز۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

چکن بون لیس کیوبز پر کالا زیرہ، کُٹی کالی مرچ، چیڈر چیز، فریش کریم، پھینٹی ہوئی انڈے کی سفیدی ڈال دیں

اور ساتھ ہی مکھن، گرم مصالحہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، پسی ہری مرچ، لیموں کا رس، نمک، اور دہی لگا کر رکھ دیں۔

پھر انہیں اسکیور میں لگا کر ایک سو اسی ڈگری تک گرم اوون میں بیس منٹ بیک کرلیں۔

تیار ہونے پر گرم گرم سرو کریں۔

تکہ بائٹس

اجزاء۔

چکن آدھا کلو۔ ﴿بون لیس، کیوبز

میرینیشن کے لیے:

دہی۔ دو کھانے کے چمچ

ٹماٹر کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

پیاز۔ایک عدد ﴿چھوٹی، کٹی ہوئی

لہسن جوئے۔ تین عدد ﴿کٹا ہوا

املی کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

ادرک کا پیسٹ ۔ایک چائے کا چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

زیرہ آدھا۔ چائے کا چمچ

جائفل۔ ایک چٹکی

کھیرے کے رائتہ کے لیے:

کھیرا ۔ایک عدد

ہری پیاز۔ ایک عدد ﴿کٹی ہوا

دہی ۔ایک کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کالی مرچ۔ حسب ِضرورت

ترکیب۔

پہلے دہی، ٹماٹر کا پیسٹ، پیاز، لہسن، املی کا پیسٹ، پسی لال مرچ، ادرک کا پیسٹ، نمک، جائفل اور زیرے کو اچھی طرح ملاکر ایک پیسٹ بنالیں۔

اب چکن کو مکسچر میں میری نیٹ کرکے کچھ گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ لیں۔

پھر چکن کو اسٹکس میں ڈال کر گرل پین میں گرل کرلیں۔

کھیرے کے رائتہ کے لیے:کھیرے کو کاٹ کے بیج الگ کرلیں اور پھر کھیرے کو کدوکش کرلیں۔

اب کھیرے کو چھان کر سارا پانی نکال لیں۔

پھر اُس میں کٹی ہری پیاز، دہی، نمک اور کالی مرچ ڈال کر مکس کریں۔

تکہ بائٹس کو کھیرے کے رائتے کے ساتھ سرو کریں۔

ٹنگری تکہ

اجزاء۔

چکن ڈرم اسٹکس۔ ایک کلو

دہی۔ دو کھانے کے چمچ ﴿گاڑھی

پپیتا۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿کچا

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

سفید زیرہ ۔دو چائے کے چمچ ﴿کٹا ہوا

پیلا رنگ۔ایک چٹکی

سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں دہی، پپیتا، ادرک لہسن کا پیسٹ، ہری مرچ، نمک، سفید زیرہ، پیلا رنگ، سرکہ ڈال کر چکن ڈرم اسٹکس کو میری نیٹ کرکے دو گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

اب انھیں اسکیورز پر لگاکر تیل سے برش کریں اور باربی کیو کر لیں۔

پین چکن تکہ

اجزاء۔

چکن۔ دو عدد (بریسٹ، لیگ پیسز)

ادرک پیسٹ۔ دو چائے کے چمچ

لہسن پیسٹ۔ دو چائے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ

پپلی پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ (کٹی ہوئی)

پیلا رنگ ۔تھوڑا سا

تیل ۔دو سے تین کھانے کے چمچ

پیاز۔ گارنشنگ کےلئے (رنگز میں کٹی ہوئی)

سلاد کے پتے ۔گارنشنگ کےلئے

ترکیب۔

ایک پیالے میں چکن میں ادرک پیسٹ، لہسن پیسٹ، نمک، لیموں کا رس، پپلی پاؤڈر، کٹی لال مرچ اور پیلا رنگ ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

پھر اس میں دو سے تین کھانے کے چمچ تیل ڈال کر مکس کریں اور ایک گھنٹے کےلئے رکھ دیں۔

پھر چکن کو پین میں ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھانپ کر پکنے کے لئے رکھ دیں۔

جب چکن گل جائے تو ڈش میں نکال کر پیاز اور سلاد کے پتوں سے گارنش کرکے رائتے اور گرین چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔

فش تکہ

اجزاء۔

مچھلی ۔آدھا کلو ﴿بون لیس

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿کٹی ہوئی

دھنیا ۔آدھا چائے کا چمچ

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ ﴿بھنا اور پسا ہوا

ہلدی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کا چمچ

دہی۔ دو کھانے کے چمچ

پیلا رنگ۔ ایک چٹکی

لہسن کا پیسٹ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں مچھلی کو نمک، لال مرچ، دھنیا، زیرہ، ہلدی، لیموں کا رس، دہی، پیلا رنگ، لہسن کے پیسٹ اور تیل کے ساتھ تیس منٹ کے لیے میری نیٹ کرلیں۔

پھر انھیں اسکیورز پر لگاکر باربی کیو کر لیں۔

باربی کیو کر کے گرم گرم سرو کریں۔