Advertisement

کوچ مصباح الحق ٹیم کے کلین سوئپ پر حیران

October 09, 2019
 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں کلین سوئپ شکست کی ذمہ داری قبول کرلی۔

میچ کے بعد کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے ٹیم کی اس ناکامی پر حیرانی کا بھی اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو ٹیم کھیل رہی ہے وہی گزشتہ 4 سال سے کھیل رہی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے ہی سری لنکا کے خلاف یہ ٹیم منتخب کی تھی اور وہی اس کی ذمہ داری بھی قبول کرتے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں شکست کی وجوہات سوچ رہا ہوں، صرف دس دن میں نمبر ون ٹیم کو کیا ہوگیا، ہمیں بہت کچھ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی لیگ اسپنر نہیں جس کو ہم نے موقع نہیں دیا، یاسر اور شاداب کے متبادل دستیاب نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو مسائل سب کو دکھائی دے رہے ہیں، وہی ہمیں بھی نظر آرہے ہیں، ہم پاور پلے میں بھی اچھا نہیں کھیل رہے۔

ٹیم کے کھلاڑیوں کی حمایت میں انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں پر بلاوجہ تنقید اچھی چیز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمت واضح تھی لیکن کھلاڑیوں سے بری کارکردگی کے حوالے سے جواب طلب کروں گا۔

یاد رہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے جیت کیلئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 134 رنز بناسکی اور یوں سیریز 0-3 سے سری لنکا کے نام رہی۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم 3 میچوں کی سیریز میں پہلی مرتبہ کلین سوئپ کا شکار ہوئی۔


مکمل خبر پڑھیں