صومالیہ میں پھنسے مغوی پاکستانیوں کے متاثرہ خاندان کے مطابق 30 سے 40 قزاقوں کے پاس اسلحہ اور راکٹ لانچرز بھی ہیں۔
یاسر خان نامی پاکستانی مغوی کی اہلیہ مہوش نے بتایا کہ شوہر سے آخری بار بات جمعرات کو ہوئی تھی، انھوں نے بتایا کہ ہمارے پاس کھانا ختم ہوچکا، تشدد سے متعلق شوہر نے کچھ نہیں بتایا لیکن وہ ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
مہوش یاسر خان نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست ہے پاکستانیوں کی رہائی کیلیے فوری اقدامات کریں۔
وائس چیئرپرسن انصار برنی ٹرسٹ شاہین برنی کے مطابق تین چار دن پہلے قزاقوں کے ساتھ رابطہ ہوا تھا، قزاقوں نے بتایا کہ دیگر ملکوں کے شہریوں کے لیے ان کی حکومت نے رابطہ کیا۔
شاہین برنی کے مطابق قزاقوں نے کہا پاکستانی حکام ان کے ساتھ رابطہ نہیں کر رہے، ہمارے جن سے رابطے ہوسکتے تھے ہم نے کیے۔
شاہین برنی نے کہا ہم نے انٹرنیشنل فورم اور سفارتخانے تک بھی اہل خانہ کی آواز پہنچائی، متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومت بھی رہائی کیلئے اقدامات کرے۔
انھوں نے کہا اطلاعات ملی ہیں کہ یرغمال پاکستانیوں میں کچھ بیمار ہیں۔