مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے، کشمیر فریڈم موومنٹ

October 10, 2019

برمنگھم (پ ر) کشمیر فریڈم (UK)کا اجلاس برمنگھم میںہوا۔ اجلاس کی صدارت کشمیر فریڈم موومنٹ (UK)کے صدر محمد ظفر نے کی۔ اجلاس میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے KFMکے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میںمقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور اس میںKFMکے رول کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میںجاری کرفیو اور موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات کا عزم کیا کہ انٹرنیشنل سطح پر کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے اور بھارت کے حالیہ اقدام اور ظلم و ستم کو بے نقاب کرنے کے لئے کشمیر فریڈم موومنٹ بھرپور کردار ادا کرے گی۔ کشمیر فریڈم موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر جمیل میر نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت فریڈم موومنٹ کو سفارتی اور سیاسی سطح پر جدوجہد تیز کرنی ہوگی۔ کشمیر میں LOCکے دونوں اطراف کشمیریوں کو اپنے حق کی جدوجہد کرنی ہے اور کسی اور کا سہارا لئے بغیر اپنے زوربازو پر اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہے۔ چوہدری غلام حسین نے دوسری آزادی پسند تنظیموں کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنے اور کشمیر فریڈم موومنٹ کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں ممبران کی باہم مشاورت سے ایک سفارتی کمیٹی تشکیل دی گئی جو کشمیر فریڈم موومنٹ کے سینئر اراکین چوہدری غلام حسین، ڈاکٹر جمیل میر، ڈاکٹر مہربان خان، خالق حسین اور سردار آفتاب پر مشتمل ہوگی۔ سفارتی کمیٹی انٹرنیشنل سطح پر کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لئے ہرممکنہ کوشش کرے گی۔