ریلنگ کے نئے انداز

October 20, 2019

اگر آپ گھر کی تعمیر کرنے جارہے ہیں تو ممکنہ طور پر آپ کو گھر کے اندر اور باہر دونوں جگہ ریلنگ بنوانی پڑتی ہے۔ ریلنگ کو بنا کسی منصوبہ بندی یا تھیم کا حصہ بنائے بغیر بنوایا نہیں جاسکتا، اس کیلئے کافی سوچ بچار کی ضرورت ہوتی ہے۔ زینے کی ریلنگ کی تھیم گھر کے در و دیوار اور ان دیواروں پر لگے میورلز یا وال پیپرز سے میل کھاتی ہونی چاہیے۔ بڑے گھروں میں دوطرفہ زینے سے اترتی ریلنگز کے علاوہ باہر کے دروازے کے ساتھ بھی ریلنگ کا آپشن اپنایا جاسکتاہے۔

ریلنگ کی اقسام

ریلنگ میں کئی قسم کے پیٹرن اور مٹیریل استعمال ہوتے ہیں، آئیں چند کے بارے میں جانتے ہیں۔

چِپینڈیل

چپینڈیل (Chippendale)ریلنگ میں X کی شکل کا پیٹرن استعمال کیا جاتاہے۔ اس میںلائنوں کی ایک سیریز ہوتی ہے جو ایک دوسرے کو قطع کرتی ہیں توایکس کی شکل سامنے آتی ہے، یہ دیکھنے میں دلکش لگتا ہے۔ آپ اپنے گھر کی تھیم کےمطابق اس میں رنگ کرواسکتے ہیں، اس کی خامی یہ ہے کہ اس کی صفائی تھوڑی مشکل ہوتی ہے۔

رسٹک

رسٹک ایک سادہ، دیہی اور غیر روایتی انداز کہلاتاہے۔ یہ زیادہ تر لکڑیوں کو تراش خراش کر بنایا جاتاہے ،لیکن فنشنگ نہیں دی جاتی۔ اس میں کچھ غیر ہموار سطحیں چھوڑ دی جاتی ہیں۔ اسی اسٹائل کو دھاتی انداز میں بھی بنایا جاسکتاہے ، لیکن وہ تاثر پید انہیں ہوتا،جو قدرتی لکڑی میں ہوتاہے۔

مونو کروم

اگر آپ زائد رنگوں یا ان کے امتزاج کو پسندنہیں کرتے تو ایک ہی رنگ کے مختلف شیڈز کے ساتھ اپنے لیونگ روم میں اترتی ریلنگ کو عمدہ ذوق دے سکتے ہیں۔ دراصل کھلی ترتیب میں مونو کروم منصوبہ بہت اچھے طریقے سے کام کرتا ہے اور بغیر کسی رکاوٹ کے سیڑھیوں کے جمالیاتی حسن میں اضافہ کرتا ہے۔

کرافٹس مین

اس اسٹائل میں پتلی لائنوں والی سیریز عمودی پیٹرن میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ ایک دوسرےسے مماثل اور جوڑ کی شکل میں ہوتی ہیں جبکہ افقی سطح پردو لائنوں سے انہیں مربوط کیا جاتاہے۔ گھر کے باہر حفاظتی باڑ کی طرح بنی یہ ریلنگ کئی رنگوں میں بنائی جاسکتی ہے، لیکن زیادہ تر لوگ کتھئی رنگ پسند کرتے ہیں۔

شیشے کے پینل

اگر گھر کے لیونگ روم کے دروازے شیشے کے ہوں اور دیواروں پر شیشے سے بنے میورلز یا ڈیزائن ایلیمنٹ بھی موجود ہوں تو ایک جدید اور شاندار سیڑھیوں کے جنگلے کے ساتھ اور اس کے اطراف شیشے کا پینل کشادہ جگہ فراہم کرسکتاہے جبکہ اس سے منعکس ہونے والی روشنی ریلنگ کے تراشیدہ اور کاشی کاری سے مزین ڈیزائن کو اور بھی دلکش بنا سکتی ہے۔

ٹَرنڈ بیلوسٹرز

ٹَرنڈ بیلوسٹرز(Turned Balusters) بھی روایتی انداز والے ڈیزائنز میں سے ایک ہیں۔ اس میں سلینڈر والی شیپ گولائی والی سیریز کے ساتھ استعمال کی جاتی ہے۔ ٹرنڈ بیلوسٹرز ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتے ہیں ۔ ریلنگ کو سپورٹ دینے کیلئے نیچے اور اوپر مضبوط پارٹس لگائے جاتے ہیں تاکہ ریلنگ اوپر اور نیچے سےمضبوط رہے۔ یہ ریلنگ گھر کو خوبصورتی بخشتی اور روایتی انداز کو دلکش اور کلاسک بناتی ہے۔

کیبل

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس قسم کی ریلنگ میں عمودی پیٹرن کے ساتھ کیبلز کی ایک سیریز لگائی جاتی ہے۔ یہ کیبلز بہت باریک ہوتی ہیں اور اس کے ساتھ میٹل کے پوسٹ لگائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ کیبلز دھات کی چھوٹی بیمز کے ساتھ بندھی ہوئی بھی آتی ہیں، لیکن کچھ اسٹائل موٹی کیبل کے ساتھ آتے ہیں ۔ باریک ہونےکی وجہ سے یہ جلد نظر میں آجاتی ہیں اور ان سے ہوا بھی نہیں رکتی۔

لکڑی اورشیشہ

ضروری نہیں کہ آپ کا گھر کوئی شیش محل ہو، آپ ریلنگ میں لکڑی اور شیشے کا سادہ استعمال بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ اسے کمپلیمنٹ کرتا ہوا کوئی خوبصورت مجسمہ جاذبیت اور جدیدیت کی طرز پر اس کی دلکشی میں اضافہ کرسکتا ہے۔ البتہ شیشہ جلد دھندلاسکتاہے، اس لیے عمدہ معیار کاشیشہ استعمال کرنا ضروری ہے اور اس کی باقاعاعدگی سے صفائی بھی درکار ہوتی ہے۔

بلیک اینڈ وائٹ

اگر آپ کے گھر کی دیواریں سفید ہیں اور ان پر سیاہ ٹیکسچر یا سرمئی جیومیٹریکل شیپ کے ڈیزائن ہیں تو آپ کی ریلنگ سادہ اور خوبصورت لکڑی کے ساتھ سفید پینل اور سیاہ دھاتی لوہے پر خوبصورتی سے آراستہ ہو کر ایک دلکش انداز دے سکتی ہے۔

رسیوں کی ریلنگ

کسی بھی ڈیک پر رسیوں کی ریلنگ قدرتی احساس دیتی ہے۔ اچھی طرح بنی ہوئی موٹی رسیوں کو خوبصورت انداز میں فائبرسے بنی پوسٹ کے ساتھ سیریز میں لگا دیا جاتاہے۔ ہو اسے جب یہ رسیاںجھولتی ہیں تو اور بھی اچھی لگتی ہیں ۔ رسیوں کی موٹائی مختلف ہوتی ہے، یہ آپ کی مرضی ہے کہ اپنے گھر کے حساب سے کتنی موٹی رسیوںکا انتخاب کرتے ہیں۔

لکڑیوں سے بنی ریلنگ

لکڑیوں سے بنی ریلنگ کا استعمال صدیوں سے ہورہاہے۔ یہ کلاسک لُک دینے کے ساتھ ساتھ ماڈرن اسٹائل میں بھی ملتی ہیں۔ لکڑی کا فائدہ یہ ہوتاہے کہ اسے کسی بھی انداز میں ڈھال لیا جاتاہے اور اس پر کوئی بھی رنگ کیا جاسکتاہے۔ لکڑی کی کئی اقسام ہیں، اس لیے آپ کو اپنے بجٹ کے مطابق ریلنگ کی لکڑی کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی اسے داغ دھبوں اور دیمک سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔